جرائم کے خاتمے کا واحد حل شرعی سزاؤں کا نفاذ ہے، مظہر سعید

جرائم کے خاتمے کا واحد حل شرعی سزاؤں کا نفاذ ہے، مظہر سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ جرائم کے خاتمے کا واحد حل شرعی سزاؤں کا نفاذ ہے۔ زینب کے قاتل کو سنگسار کیا جائے۔ قصوراور جھنگ میں عریاں فلمیں بنانے والے گینگ کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ پاکستان میں سازش کے تحت لبرل ازم کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ دینی تعلیمات کو اپنانے سے ہی معاشرہ سدھر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انوار العلوم میں اصلاح معاشرہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے کردار سازی کی بجائے عریانی و فحاشی کو فروغ دے رہے ہیں۔ درس گاہوں کو رقص گاہیں بنانے والے بھی دہشت گرد ہیں۔معاشرے کی رگوں میں بے ایمانی، رشوت، ملاوٹ، جھوٹ، دھوکہ کا زہر اتارا جا رہا ہے۔ علماء اصلاح معاشرہ کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اخلاقی برائیوں کے خلاف آپریشن رد الفساد شروع کیا جائے۔عریانی و فحاشی کے بڑھتے سیلاب نے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔ نئی نسل کی اخلاقی تعلیم و تربیت کے لئے اصلاحی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ اصلاح معاشرہ کے لئے تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں۔

Back to