اساتذہ کے پرومشن کیس جلد حل کرنے کیلئے 5رکنی کمیٹی بنا دی : رضاعلی گیلانی

اساتذہ کے پرومشن کیس جلد حل کرنے کیلئے 5رکنی کمیٹی بنا دی : رضاعلی گیلانی

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے سوموار کو پنجاب یونیورسٹی میں ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر نے اساتذہ کے سالہا سال سے رکے پروموشن کیسز کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے 5رکنی کمیٹی بنادی جو ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ پرو چانسلر نے جامعہ کی رینجنگ میں بہتری اور مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی تجاویز تیار کرنے کیلئے 3رکنی کمیٹی بھی بنائی جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔صوبائی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ کمیٹیز کی سفارشات پر من وعن عمل کیا جائے گا۔سید رضا علی گیلانی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عالمی معیار پر عمل کرتے ہوئے جامعہ میں اساتذہ اور طلباء کا تناسب 1/30رکھا جائے ۔ انہوں نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ کے مطابق تمام سیٹیں فل کی جائیں۔ پنجاب یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں ہونے والے اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر ، رجسٹرارڈاکٹر خالد خان، تمام فیکلٹیز کے ڈینز، انسٹیٹیوٹس کے ڈائریکٹرز، ہاسٹلز کے وارڈن اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے متعلقہ حکام شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ ، طلباء میں جدید تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عرصہ دراز سے جامعہ پنجاب کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا ان مسائل کے حل کیلئے تمام تر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون پوائنٹ ایجنڈاپر کام کر رہے ہیں کہ ملک کو علمی اعتبار سے بلند مقام دلواناہے۔ پنجاب یونیورسٹی سمیت پانچ سرکاری جامعات کو پہلے مرحلے میں ٹاپ عالمی رینکنگ میں لانا ہمارا ہمارا ہدف ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جامعہ کا ماحول خراب کرنے والے شرپسند عناصرکیلئے یونیورسٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسپلنری کمیٹی کے فیصلوں پر حرف بہ حرف عمل کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جامعہ میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں تاکہ اس کی رینکنگ میں بہتری آئے۔ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں نئی جامعات بنانے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔ جامعات ریسرچ اور پوسٹ گریجویٹ پر توجہ دیں۔ انہوں نے طلبا ء کوپیغام دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی طرف رکھیں؛ملک کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ کے اعلی تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...