5فروری کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی لاہور میں جلسہ کریگی، اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو لاہورئیے آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہونے والے کشمیری عوام کے اظہار یکجہتی کے جلسہ میں بھرپور تعداد میں شرکت کرکے تخت لاہور والوں کو بتا بھی دیں گے اور انہیں دکھا بھی دیں گے کہ کل بھی لاہور پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا اور آج بھی لاہور بھٹو شہید کا ایک مضبوط قلعہ ہے ۔وہ پانچ فروری کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔محمد اشرف بھٹی کا کہنا تھا کہ لاہوریوں نے ہی بھٹو شہید کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی کی اسی شہر میں بنیاد رکھی تھی اور بھٹو شہید کی لاہور میں بننے والی یہ جماعت اب پورے ملک کی واحد جماعت ہے جس کی ہر صوبے میں مضبوط جڑیں ہیں اور جس کو عوام اپنی نمائندہ جماعت سمجھتی ہے اور اس جماعت نے غریبوں مظلوموں کو ان کا حق لینا سکھایا ہے اور ان کی ہر سطح پر نمائندگی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانچ فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرے گی اور اس روز سابق صدر مملکت آصف علی زرادری اپنے خطاب میں آئندہ کی حکمت عملی کا بھی اعلان کریں گے۔