فضول مصروفیات اور مشاغل میں جاگنا ناپسندیدہ عمل ہے، سید ریاض نجفی
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)وفا ق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک کامیاب انسان وہ ہے جو چھوٹے بڑے گناہوں ، بدگمانی، غیبت ،لوگوں کو تکلیف پہنچانے اورانسانی حقوق کی پامالی سے گریز کرے۔نظام شمسی میں سورج کی اہمیت وہی ہے جو جسم میں دل کی ہوتی ہے ۔ دوپہر کے کھانے کا اسلامی احکامات میں زیادہ ذکر نہیں ملتا لیکن صبح وشام کے کھانے کی تاکید ہے ۔بہتر یہ ہے کہ رات کا کھانا غروب سے قبل یاکچھ دیر بعد کھا لیا جائے تاکہ سونے سے پہلے ہضم ہو جائے۔ فضول مصروفیات اور مشاغل میں جاگنا ناپسندیدہ عمل ہے ۔ اگر یہ یقین ہو کہ رات کو جاگنے کی وجہ سے نمازِ فجر قضا ء ہو جائے گی تو یہ جاگنا حرام ہے۔علی جامع مسجد حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر میں درس قرآن دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترتیب نزولی کے لحاظ سے سورہ الشمس قرآن مجید کا 26واں سورہ ہے ۔جس میں گیارہ بارقسمیں کھانے کے بعد ارشادِ الٰہی ہے کہ کامیاب فقط وہ شخص ہے جو جسمانی،روحانی ،ہر لحاظ سے مکمل طور پر پاک ہو یعنی چھوٹے گناہوں ، بدگمانی، غیبت ،لوگوں کو تکلیف پہنچانے اور ان کے حقوق کی پامالی سمیت ان تمام برائیوں سے پاک و صاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ سورج قدرتِ الٰہیہ کا عظیم مظہر ہے جس سے حرارت ،غذا اور زندگی کی بہت سی ضروریات وابستہ ہیں۔ معدنیات و نباتات سمیت بہت ساری ضروریاتِ زندگی پر شمس و قمر کے گہرے اثرات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ طلوع آفتاب کے بعد دن کو کئی ساعتوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جیساکہ چاشت کا وقت ،دراصل یہ ناشتے کا وقت ہوتا ہے ۔ انسانی بدن کی نشوونما میں ناشتے کی بہت اہمیت ہے ۔اسے مسمار البدن یعنی بدن کی میخ سے تعبیر کیا گیا ہے ۔ دوپہر کے کھانے کا زیادہ ذکر نہیں ملتا لیکن صبح وشام کے کھانے کی تاکید ہے ۔بہتر یہ ہے کہ رات کا کھانا غروب سے قبل یاکچھ دیر بعد کھا لیا جائے تاکہ سونے سے پہلے ہضم ہو جائے کیونکہ رات سکون سے سونے کیلئے ہے ۔ جلد سوجانا بہترہے البتہ عبادت اور یادِ خدا کیلئے شبِ بیداری کی جائے تو اس کی اپنی اہمیت ہے کیونکہ شریعت میں انسانوں کی فضیلت میں کہا گیا ہے کہ وہ دن کو روزہ رکھیں اور شب کو عبادت کریں لیکن فضول مصروفیات اور مشاغل میں جاگنا ناپسندیدہ ہے ۔ اگر یہ یقین ہو کہ رات کو جاگنے کی وجہ سے نمازِ فجر قضا ء ہو جائے گی تو یہ جاگنا حرام ہے۔
Back to Conversion Tool