جے یو پی ملک بھر میں ’’ووٹ فار نظام مصطفے مہم ‘‘ چلائے گی، اویس نورانی
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جے یو پی ملک بھر میں ’’ووٹ فار نظام مصطفے مہم ‘‘ چلائے گی۔ ووٹ کے درست استعمال کے لئے عوامی شعور بیدار کیا جائے گا اور اجتماعات منعقد کر کے عوام سے نظام مصطفے کے لئے ووٹ دینے کا عہد لیا جائے گا۔ ’’ روٹی کپڑا اور مکان، سب کا ضامن ہے قرآن ‘‘ کا سلوگن عام کریں گے۔ نظام مصطفے اقتدار میں آئے گا تو ظلم، استحصال اور جبر کا خاتمہ ہو گا۔ 2018 کے الیکشن سے پہلے نظام مصطفے کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا اور عوام کو نظام مصطفے کی برکات سے آگاہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ اہل حق ناموس رسالت کی پاسبانی اور نظام مصطفے کی حکمرانی کے لئے متحد ہو جائیں۔ آئندہ الیکشن میں دینی جماعتوں کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ ووٹ کی طاقت سے سیکولر طاقتوں کا راستہ روکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت فحش فلموں کے پھیلتے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ بچوں کے تحفظ کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ والدین بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے خلاف کاروائی کے لئے کابل میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ پاکستان کے خلاف امریکہ اور بھارت نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے لیکن پاکستان کے سیاستدان ملکی سلامتی کی فکر کرنے کی بجائے آپس میں لڑ رہے ہیں۔ سینٹ الیکشن کے شیڈول کے اعلان سے سازشی عناصر کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ الیکشن کمیشن سینٹ الیکشن میں خرید و فروخت روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ طاہر القادری اور پیر سیال شریف کا احتجاجی تحریک منسوخ کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ عمران خان بھی احتجاجی سیاست چھوڑ کر تعمیری سیاست شروع کریں۔