مستقبل کی فضائی جنگوں کے چیلنجز ، پاک فضائیہ کی آپریشنل ٹریننگ میں بہتری کا عمل جاری ، ایئر چیف

مستقبل کی فضائی جنگوں کے چیلنجز ، پاک فضائیہ کی آپریشنل ٹریننگ میں بہتری کا ...

اسلام آباد (این این آئی)ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہاہے کہ مستقبل کی فضائی جنگوں کے چیلنجز کے پیشِ نظر پاک فضائیہ کی آپریشنل ٹریننگ میں بتدریج بہتری کا عمل ہمیشہ جاری رہنا چاہئے۔ ایئر چیف نے یہ بات منگل کو ائیر پاور سینٹر آف ایکسیلنس، سرگودھا میں کمبیٹ کمانڈرز سکول کے49ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ائیر چیف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کمبیٹ کمانڈرز سکول پاک فضائیہ کی عسکری قیادت کی عملی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے جو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے گریجویٹ ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اس شاندار ادارے سے حاصل کردہ تجربے اور تربیت کو نوجوان افسران تک منتقل کریں ۔ انہوں نے اس موقع پر گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ بہترین کمبیٹ کمانڈرکی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر جواد خورشید نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی طیب حسین نے حاصل کی۔تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

مزید : علاقائی


loading...