پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری : وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن اور وزارت نجکاری سے 3 ہفتوں میں جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائن کی مجوزہ نجکاری کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن اور وزارت نجکاری سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد مبین نے نبیل جاوید کاہلوں ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت ذاتی مفادات کے لئے قومی ایئر لائن من پسند افراد کو فروخت کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اپنی ایئرلائن ہے جو پی آئی اے کی حریف ہے ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی ائیر لائن کو ملکی اور بین الاقوامی روٹس دلانے کے لئے پی آئی اے کو نجکاری کے ذریعے اونے پونے فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم دے۔