اتفاق ٹیکسٹائل ملزکی 28 فروری کو نیلامی کا دوبارہ حکم

اتفاق ٹیکسٹائل ملزکی 28 فروری کو نیلامی کا دوبارہ حکم

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے میاں نواز شریف کے رشتہ داروں کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 28 فروری کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا ، جسٹس شاہد کریم نے مسلم کمرشل بنک کی نیلامی کی درخواست پر سماعت شروع کی تو کورٹ آکشنرز نے ڈیفالٹر ٹیکسٹائل ملز نیلامی کامیاب نہ ہونے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم پر ڈیفالٹر ٹیکسٹائل ملز کی نیلامی کی پندرہ دسمبر ہونے والی کارروائی میں کوئی خریدار نہیں آیا تھا، مسلم کمرشل بنک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز کے مالکان میاں ہارون یوسف، میاں یوسف عزیز، کوثر یوسف، سائرہ فاروق، عائشہ ہارون نے کاروبار کیلئے قرض حاصل کیا اور اس کے لئے 27 کنال 1 مرلہ پر مشتمل اتفاق ٹیکسٹائل ملز رہن رکھوائی، بنک کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 2000ء میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا اور 2016ء میں ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری بھی جاری ہو چکی ہے ، عدالتی ڈگری کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے 14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کر رکھے ہیں لیکن ڈگری کی بقایا 11 کروڑ 95 ہزار کی رقم ادا نہیں کی جا رہی لہٰذا رقم کی ریکوری کیلئے اتفاق اڈہ پر واقع اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل اور اعتراضات سننے کے بعدڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کی دوبارہ نیلامی کے لئے اٹھائیس فروری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...