ڈی ایس پی کی خالی سیٹوں پرانسپکٹرزکی ترقی کیلئے اجلاس طلب
لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب نے پنجاب بھر کے انسپکٹرز کی ڈی ایس پی کی سیٹ پر ترقی کے لیے اجلاس طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ڈی ایس پی کی خالی سیٹوں پرانسپکٹرزکو ترقیاں دینے کے لیے ڈی پی سی کرانے کا حکم دیتے ہوئے ماہ فروری میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہرحمیدکھوکھرنے سی سی پی اولاہورسمیت پنجاب بھرسے 205انسپکٹرزکے نام بھجوادیے ہیں۔ متعلقہ ڈویژنل آفیسرزسے انکے کوائف ،پوسٹنگ چارٹس اوراے سی آرمکمل کر کے بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔متعلقہ برانچ کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتے میں ڈی ایس پی کی سترسیٹوں کے لیے 205انسپکٹرز کے نام زیرغور آئیں گے۔ معیار پر پورے اترنے والے انسپکٹرز کو ترقیاں دی جائیں گی۔ چارماہ میں انسپکٹرز کی ترقی کے لیے دوسری مرتبہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے۔