ہر عدالت میں میرے ہی خلاف مقدمے چل رہے ہیں : نواز شریف

ہر عدالت میں میرے ہی خلاف مقدمے چل رہے ہیں : نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدروسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف سب عدالتوں میں مقدمات کیوں چل رہے ہیں وجہ سب کو پتہ ہے۔ وہ گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نیب ،سپریم کورٹ، ہائی کورٹ میں مقدمات چل رہے ہیں اور میرے خلاف کیسز کیوں چل رہے ہیں وجہ سب کو پتہ ہے۔ تاحیات نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے طلبی کے سوال پر نواز شریف نے کہا کہ کیا میں یہاں کھڑے ہو کر بتاؤں کہ عدالت جاؤں گا یا نہیں؟۔بعدازاں مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے سلسلے میں دائر کیے گئے ضمنی ریفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017کے فیصلے کی روشنی میں کوئی نیا اثاثہ سامنے آنے کی صورت میں ہی ضمنی ریفرنس دائر ہوسکتا تھا اوراس نام نہاد ضمنی ریفرنس میں کوئی نیا اثاثہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی باہمی قانونی معاونت کے تحت نیب کوئی جواز سامنے لاسکا ہے۔امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ضمنی ریفرنس دائر کرکے استغاثہ یہ بات مان رہا ہے کہ پہلا ریفرنس کمزور تھا۔انہوں نے کہا کہ عبوری ریفرنس میں مریم نواز پر بینیفشل اونر ہونے کا الزام تھا، جو ضمنی ریفرنس میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ضمنی ریفرنس میں کاغذات بھی سارے پرانے ہیں، اس میں کوئی قابل ذکر شہادت شامل نہیں۔
نوازشریف


اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان اسمبلی میں آصف علی زرداری کی مبینہ مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ کے آئندہ الیکشن کیلئے حکمت عملی تشکیل دیدی ۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے زیر صدارت گزشتہ روزمسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، سینیٹ انتخابات ، احتساب عدالت میں شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کیس ، سپریم کورٹ میں نا اہلی کی مدت کے تعین سے متعلق آرٹیکل 62 ون ایف سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت اور نواز شریف کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے دیئے گئے نوٹس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سینیٹ انتخابات کیلئے حکمت عملی بھی تشکیل دی گئی اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے بلوچستان اسمبلی میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مبینہ مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری مخالف ہتھکنڈوں سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے صوبوں میں سینیٹ انتخابات میں بہتر نتائج کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔
مسلم لیگ(ن)اجلاس

مزید :

صفحہ اول -