24گھنٹے بعد استعفوں کی سیاست ختم ہوجائے گی ،رانا ثناء اللہ

24گھنٹے بعد استعفوں کی سیاست ختم ہوجائے گی ،رانا ثناء اللہ

لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ سے ڈیڈ لائن دینے والوں کو آج میں کہتاہوں کہ آپ کے پاس24گھنٹے کی ڈیڈلائن ہے اور اس کے بعد استعفوں کی سیاست ختم ہوجائے گی ،ہماری اطلاعات کے مطابق آصف زرداری بلوچستان میں سینیٹ کی ایک یا دو نشستیں خریدیں گے اور اس کے لئے انہوں نے بیعانہ بھی دیدیا ہے ، سازشیں قوتیں دم توڑ گئی ہیں اور ان کے پاکپتن میں کاٹے گئے چلے بھی دم توڑ چکے ہیں اور یہ نواز شریف کی سیاست کے لئے بے اثر ثابت ہوئے ہیں، اگر عوام نے آئندہ عام انتخابات میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا تو انکے راستے میں آنے کی کوشش نیک شگون نہیں ہوگا اور اس کے انتہائی برے اثرات ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ہر طرح کے حربے آزمائے گئے لیکن وہ سب ناکام ہوئے ہیں۔ میں آج شیخ رشید صاحب سے کہتا ہوں کہ آپ کہتے تھے کہ میرے پاس چالیس استعفے ہیں اور پھر کہا کہ اسی استعفوں کی جھوٹی فہرست دکھاتے رہے پھر آ پ نے مال روڈ پر بھی فراڈ کیا اگر روک سکتے ہو تو نواز شریف کو روک لو ۔ جڑانوالہ میں نواز شریف کے جلسے میں شرکت کے لئے لوگوں میں اس قدر جوش و خروش تھاکہ فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ میسر نہیں تھی ۔ ا ب سازشوں کا زمانہ گزر گیا ہے اب نواز شریف نہیں رکے گا اور اگر کسی نے عوام کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی تو وہ اس میں بہہ جائے گا اور اس سے بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ہمارے مخالف ہیں لیکن میں ان کا قائل ہوں کہ وہ آنے والے وقت کو سمجھ جاتے ہیں۔ انہوں نے جس طرح اپنا دھرنا ختم کیا تھا اور اب انہوں نے سب سے پہلے اپنا احتجاجی پروگرام موخر کر کے با خبر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

رانا ثنا ء اللہ

مزید : صفحہ اول


loading...