لودھراں ضمنی الیکشن‘ مختلف برادریوں کی سرکردہ شخصیات تحریک انصاف میں شامل
لودھراں (نما ئند ہ پاکستا ن)جہانگیر ترین کا یونین کونسل سعد اللہ پورکا طوفانی دورہ ، ن لیگ کی بڑی حامی گھلو، بھٹی اور درکھان بر ادریوں کی سرکردہ شخصیات ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ،ضمنی الیکشن میں علی خان ترین کی بھرپور حمایت کا اعلان۔تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین گزشتہ روز لودھراں کی یونین کونسل سعد اللہ پور پہنچے جہاں کارکنوں کی جانب(بقیہ نمبر17صفحہ12پر )
سے اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کیے گئے۔سعدا للہ پور میں عوامی اجتماعات کے دوران ن لیگ کی بڑی حامی گھلو، کھور،سیال ،بھٹی اور درکھان بر ادریوں کی سرکردہ شخصیات نے اپنے دیگر ہزاروں سمیت ن لیگ سے 30سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں میں ملک اللہ ڈتہ گھلو،حاجی الطاف گھلو،حاجی شوکت گھلو،ریاض حسین کھور،سجاد حسین کھور،ڈاکٹر سجاد کھور،محمدصدیق درکھان،محمد ابراہیم درکھان،مہر غلام رسول سیال،مہر سعد سیال و دیگر شامل ہیں۔ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والی شخصیات کو خوش آمدید کہا اور انہیں مبارک باد پیش کی ۔اس موقع پر منعقدہ بڑے عوامی اجتماعات کے دوران جہانگیر ترین نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ اہلیان لودھراں کی تحریک انصاف سے محبت دیکھ کر خوشی اور فخر محسوس کررہاہوں۔ عوام کی طاقت اور مدد سے تحریک انصاف اگلی حکومت بنائے گی علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے گزشتہ روز اپنی رہائش گا ہ پر آنے والے ورکرز اور سپورٹرز سے ملاقاتیں بھی کیں ۔جہانگیر ترین آج بھی لودھراں میں مصروف دن گزاریں گے اور مختلف علاقوں میں کارنرز میٹنگز سے خطاب کرینگے۔