امریکہ کیلئے افغانستان تک زمینی اور فضائی رسائی بند کرنے کا آپشن موجود :خرم دستگیر

امریکہ کیلئے افغانستان تک زمینی اور فضائی رسائی بند کرنے کا آپشن موجود :خرم ...

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے دنیاپاکستان کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھائے، پاکستان سعو دی عرب کی جغرافیائی حدود کے دفاع کے عزم پر قائم ہے، بھارت خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، امریکہ، افغانستان اور پاکستان کیخلا ف صف آراء ہو چکے ہیں،امریکہ کی جانب سے 1.3ارب ڈالر کی امداد روکی گئی ہے، پاکستان کے پاس زمینی و فضائی راستے بند کرنے کا آ پشن موجود ہے،جیو اسٹرٹیجک سیاست خطے میں واپس آچکی ہے، پاکستان کے روس اور چین سے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، امریکہ اور پا کستان کے مابین انٹیلی جنس شیئرنگ کا کوئی تحریری معاہدہ نہیں ہے۔منگل کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا روس کیساتھ ہمارا دفاعی معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت ہم روس سے دفاعی سازوسامان خرید رہے ہیں، پاکستان اور روس کی مسلح افواج مشترکہ جنگی مشقیں کر چکی ہیں، پاکستان کے ایران کیساتھ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ آرمی چیف اور مشیر قومی سلامتی کے ایران دورے سے بہتری آئی، اسلامی ممالک کو انسداد دہشت گردی تربیت میں معاونت کی پیشکش کی ہے، بھارتی وزیراعظم کی پالیسیاں جارحیت پر مبنی اور بھارت خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی پر جوابی کارروائی کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، چین پاکستان کو فولادی بھائی اور ہر موسم کا ساتھی قرار دے رہا ہے، حقانی نیٹ ورک افغان مہاجرین کیمپوں میں پناہ لے رہا ہے، 2012کے بعد امریکی امداد میں پہلے ہی 62فیصد کمی آ چکی ہے۔

خرم دستگیر

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...