برسر اقتدار آ کر ٹیکسٹائل سمیت دوسری صنعتوں کو پیکیج دینگے :عمران خان

برسر اقتدار آ کر ٹیکسٹائل سمیت دوسری صنعتوں کو پیکیج دینگے :عمران خان

فیصل آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں ، اس کی واضح مثال ہمارا پڑوسی ملک چین ہے جس نے اپنی انڈسٹری کو ترقی دے کر ملک کو خوشحال بنایا جس کی وجہ سے چین نے 70 کروڑ عوام کو غربت سے نکالا ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے یہ بات فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کانفرنس میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے آخر میں پی ٹی آئی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چین کا دورہ کرے گا اور وہاں کے ترقیاتی پروگرام اور منصوبوں سے استفادہ حاصل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے بھی ترقی کی اب وہاں غربت بہت کم ہوگئی ہے اس کی وجہ حکومت تھی کیونکہ انہوں نے صنعتکاروں کو مراعات دیں جس کی وجہ سے عوام کو بھی فائدہ پہنچا مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہورہا صنعتیں بند ہورہی ہیں اس کی وجہ حکومت کی ناکامی اور کوئی واضح پالیسی کا نہ ہونا ہے جبکہ زرمبادلہ بڑھائے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔عمران خان نے کہا کہ ہم برسر اقتدار آکر ٹیکسٹائل کیساتھ ساتھ دیگر صنعتی اداروں کیلئے بھی پیکیج کا اعلان کرینگے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہم نے صاف ستھری ٹیم تیار کرلی ہے۔ آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ہم برسر اقتدار آکر اپنی ذات کوکوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گے نہ ہی ہماری جماعت کا کوئی عہدیدار جس کے پاس حکومتی عہدہ ہوگا وہ ذاتی کاروبار کرسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ محنت کشوں کا خیال رکھیں کیونکہ پاکستان میں مزدوروں کو حقوق نہیں مل رہے بہت زیادتیاں ہورہی ہیں طاقت ور لوگوں کی شوگر ملیں ہیں جو غریب کسانوں کا استحصال کررہی ہیں اور ان سے گنے کی صحیح قیمت ادا نہیں کرتے۔عمران خان نے اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران پاکستان تحریک انصاف کارکنوں اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ مختلف سماجی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...