فرار کی خبریں غلط ،الحمد للہ پاکستان میں موجود ہوں:راؤ انوار

فرار کی خبریں غلط ،الحمد للہ پاکستان میں موجود ہوں:راؤ انوار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معطل ایس ایس پی راؤ انوار نے بیرون ملک فرار ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے الحمد للہ میں اس وقت پاکستان میں موجود ہوں اور موجود ہ حالات میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا ، اسلام آباد میں جس گھر پرچھاپا مارا گیا وہ 25سال پہلے فروخت کر چکے ہیں اور سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر انہوں نے شناختی کارڈ پر گھر کا ایڈریس تبدیل نہیں کرایا۔ گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کراچی پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں واقع ان کے گھر پر چھاپے کی خبروں کی تردید کی اور کہا جس گھرپرچھاپا مارا گیا ، وہ اسے25سال پہلے وقاص رفعت نامی شخص کو فروخت کرچکے ہیں ،اس سے قبل سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے میڈیا کو واٹس ایپ کے ذریعے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا اسلام آباد میں چھاپہ ایس ٹی 43 مکان نمبر 133 سیکٹر ایف 10 میں مارا گیا، جس مکان پرچھاپا مارا گیا وہ میرا نہیں ۔ معطل ایس ایس پی ملیر نے میڈیا کو اسلام آباد ایف ٹین کے مکان کے یوٹیلیٹی بلز بھی بھیج دئیے تھے۔ یوٹیلیٹی بلز اور پراپرٹی ٹیکس کے بل پر مالک مکان کا نام وقاص رفعت درج تھا۔ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق راؤ انوارنے نیشنل ٹیکس نمبر 2011 میں حاصل کیا اور ایف بی آر کے ریکارڈ میں راؤ انوارکے گھر کا پتہ اسی مکان کا درج ہے جس پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے۔سابق ایس ایس پی نے اپنے گھر کے اسے ایڈریس پر اپنا شناختی کارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ واضح رہے اس سے قبل میڈیا ان کے بیرون ملک فرار کی خبریں نشر کر رہا تھا مگر انہوں نے ان خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ ان پر نقیب اللہ نامی نوجوان کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کا الزام ہے اور اس الزام کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے انہیں معطل کردیا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے راؤ انوار کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا، تاہم سپریم کورٹ کی مدت ختم ہونے کے باوجود معطل ایس ایس پی کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

راؤ انوار

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...