عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے خود کار طریقہ کا روضع کیا گیا ہے :پرویز خٹک

عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے خود کار طریقہ کا روضع کیا گیا ہے :پرویز ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوامی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے ایک خود کار طریقہ کار وضع کیا ہے جس نے لوگوں کا مسائل کے حل کیلئے سرکاری اور سیاسی افراد پر انحصار کم سے کم کردیا ہے ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں دیر پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برادری تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سینئر وزیر عنایت اﷲ خان اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اﷲنے بھی تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے صوبے میں قابل عمل نظام وضع کرنے کیلئے تمام محکموں میں رولز بنائے ہیں۔تمام محکموں کو دیئے گئے رہنما اُصولوں کی روشنی میں مسائل کے ازالے اور حقوق کی فراہمی کا ایک طے شدہ نظام موجود ہے ۔اب حقوق کے حصول کیلئے عوام الناس اور صحافیوں کو دربدر کی ٹھوکریں نہیں کھا نا پڑتیں ۔پرویز خٹک نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سفارش ، ذاتی پسند و ناپسند ، اقرباء پروری اور ایک شخص کی قیمت پر کسی دوسرے من پسند شخص کی ترقی کا کلچر ماضی کا حصہ بن چکا ہے ۔ موجودہ سسٹم میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ۔صحافتی برادری کی فلاح کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب وزیراعلیٰ، وزراء اور دیگر سرکاری حکام کو صحافیوں اور لوگوں سے وعدے کرنے اور اعلانات کرنے کی ضرورت نہیں ۔ہم نے ایک نظام وضع کردیا ہے جس نے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کی ضمانت دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت صحافیوں سے بامقصد رپورٹنگ کی توقع رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحافی معاشرے اور سسٹم کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ۔صحافیوں کو چاہیئے کہ وہ قابل عمل نظام کا ساتھ دیں اور جولوگ اور محکمے سسٹم کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں اُن کے ہاتھ مضبوط کریں ۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ صحافی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق اور واقعات کے تمام پہلو اُجاگر کریں گے اور نتیجہ خیزی اور فیصلہ سازی عوام پر چھوڑ دیں گے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ماضی کے تباہ حال نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کام کیا اور ایک قابل عمل اور شفاف نظام متعارف کرایا جس میں عوام کو حکومت کی فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ کرنے کا بھر پور موقع دیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ اُن کے بنائے گئے نظام کی وجہ سے صحافیوں اورمعاشرے کے دیگرطبقات کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پریس کلب اپر دیر کے جاری تعمیر ی کام کیلئے وسائل مہیا کرنے کایقین دلایا۔انہوں نے صوبہ بھر کے پریس کلبوں کیلئے پہلے سے منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق پریس کلب دیر کیلئے بھی فکس گرانٹ کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں پی سی ون تیار کیا جائے ۔

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے قدرتی وسائل سے استفادے کیلئے قومی اور بین الاقوامی دونوں سطح پر سرمایہ کاروں کو پورے اعتماد کے ساتھ یہاں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔صوبائی حکومت نے توانائی، معدنیات، صنعت، زراعت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں سے معاہدے کئے ہیں ۔ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں اور اُن کے سرمایے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی بھی کی ہے جبکہ صوبے بھر میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک چینی کمپنی کے ساتھ توانائی کے شعبے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کہی۔یہ معاہدہ توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تجربے کی حامل چینی حکومت کی سرکاری کمپنی سی ای ای سی کے ساتھ حطار کے خصوصی صنعتی زون میں 225 میگاواٹ کمبائنڈ سائیکل گیس ٹربائن کے قیام کے سلسلے میں ہواجس پر صوبائی حکومت کی جانب سے ازمک کے سربراہ عادل صلاح الدین جبکہ چینی کمپنی کی طرف سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ژاؤ جوائی نے دستخط کئے۔ اس بجلی گھر کی بدولت حطار خصوصی اکنامک زون میں دوا سازی ، ٹیکسٹائل ، اشیائے خوراک، مشروبات، سٹیل اور انجینئرنگ کے مختلف شعبوں سے وابستہ صنعتوں کے فروغ میں بڑی مدد ملے گی ۔صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے علاقے کے ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار کے براہ راست اور بالواسطہ مواقع ملیں گے جبکہ ان حکومتی اقدامات کی بدولت اندرون و بیرون ملک سے 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ اس مقصد کیلئے حطار خصوصی صنعتی زون میں آن لائن درخواستیں جمع کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے اور اب تک ازمک کو1200 ایکڑ سے زائد رقبے کے پلاٹوں پر کارخانوں کے قیام کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت کی معیشت دوست اورجامع پالیسیوں کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع سرمایہ کاری کیلئے کشش پید اہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس صوبے کی ترقی صنعتکاری سے وابستہ ہو چکی ہے جس کی بدولت صوبے کی معیشت مستحکم بننے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور پائیدار ترقی کی داغ بیل پڑے گی ۔انہوں نے صوبے میں صنعتکاری اور تجارت و معیشت کی ترقی کیلئے سازگار ماحول کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...