موجودہ حکومت نے عوام کو دہشتگردوں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا:حیدر ہوتی

موجودہ حکومت نے عوام کو دہشتگردوں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا:حیدر ...

مردان (بیورورپورٹ) سابق وزیراعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کوہاٹ میں قتل کی جانے والی میڈیکل طالبہ عاصمہ رانی کے والد سے رابطہ کرکے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاہے ہوتی ہاؤس ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ نے عاصمہ رانی کے والد غلام دستگیر خان کو ٹیلی فون کر کے ان سے ان کی بیٹی کے قتل پر دکھ اور افسوس کیاہے امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مقتولہ اور اس کے خاندان کو انصاف ملنے تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو پہلے ہی دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا تھا اور اب لمحہ فکریہ یہ ہے کہ حال ہی میں ہونے والے واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکن ملوث ہیں جو حکومت کی غفلت کے باعث فرارہونے میں کامیاب ہوگیاہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کردار سے ایسا تاثر پھیلاہے کہ حکومتی پارٹی کے عہدیداروں کے لئے کوئی قانون نہیں اوروہ ہرقسم گرفت سے آزاد ہیں انہوں نے کہاکہ صوبے کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت کے دور میں بچیوں کی عصمت اور زندگیاں محفوظ نہیں ہیں امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ انہتائی افسوس کی بات ہے کہ عمران خان بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی واقعے کے متاثرہ خاندان کے پاس نہیں گئے بدقسمتی سے ان کا پیمانہ پنجاب کے لئے الگ اور خیبرپختون خوا کے لئے الگ ہے امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کا کردار اورقربانیاں لازوال ہیں جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم ان بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات میں پولیس کے بعض ذمہ دار حکام سے غفلت ہوئی ہے جن کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے پی پولیس پر سیاست کررہے ہیں پولیس فورس کسی پارٹی کی نہیں بلکہ پورے صوبے کی فورس ہے کپتان پولیس کو اپنی سیاست کے لئے استعمال نہ کریں انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان ، مردان اور خوشمقام نوشہرہ میں پیش آنے والے واقعات کے ملزمان کوبھی گرفتارکیاجائے ،اے این پی اس حوالے سے پرامن احتجاج جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے اور بے حس حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران ملزموں کو پکڑنے کی بجائے انہیں تحفظ دے رہے ہیں،مقتولہ کے والد نے امیر حیدر خان ہوتی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مجرموں کو کڑی سزا دینے کی ضرورت ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...