چارسدہ میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالتی قتل کیخلاف مظاہرہ
چارسدہ (بیورو رپورٹ) نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل پختونوں کو ایک واضح پیغام ہے ۔ بلا تمیز تمام پاکستانی ظالمانہ شہادت کے خلاف قبائلی عوام کے شانہ بشانہ اٹھے ۔ منظور احمد ۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ پریس کلب کے سامنے نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے تحریک کے رہنماء منظور احمد اور دیگر نے کہا کہ استعمار ی قوتیں پختونوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ۔پنجاب کے مقابلے میں پختونوں نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہے ۔ آپریشن کے دوران لاکھوں قبائلی گھر بار چھوڑ نے پر مجبور ہو گئے اور اپنے ہی ملک میں مہاجر بن گئے ۔ آپریشن کے بعد سیکورٹی اداروں نے وزیر ستان اور دیگر قبائلی علاقوں کو کلیئر قرار دیکر متاثرین کو اپنے علاقوں کو جانے کی ہدایت کی مگرمتاثرین جب چیک پوسٹوں پر پہنچ گئے تو ان کو ہار پہنانے کی بجائے گالیوں سے نوازا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ بارود کا ڈھیر ہے جہاں آئے روز دھماکے ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے اور سارے پختونوں کو اکھٹے کرکے یکم فروری کو اسلام آبا دمیں بھر پور احتجاج کرکے وزیر اعظم ، آرمی چیف او رچیف جسٹس کے سامنے سوال اٹھائینگے کہ یاتو ریاست اپنی پالیسی تبدیل کریں بصورت دیگر ہم اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے چیف جسٹس کی سربراہی میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ۔