بجلی و گیس کی بندش کا سلسلہ بدستور جاری، عوام بے حال

بجلی و گیس کی بندش کا سلسلہ بدستور جاری، عوام بے حال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان، کبیروالا، بٹہ کوٹ، کوٹ سلطان (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، نمائندگان) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ‘ اس سلسلہ میں ملتان سے سٹاف رپورٹر کیمطابق نئے سال2018 کے پہلے ماہ جنوری کا بھی آج اختتام ہونے کو ہے مگر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہونے میں نہیں آرہی ہے۔ فیڈرز پر لائن لاسز کی شرح ظاہر کرکے دو سے4 گھنٹے بجلی(بقیہ نمبر21صفحہ12پر )

کی عمومی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بجلی چوری کی زائد شرح کو جواز بنا کر 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ساڑھے 5 بجے شام سے ساڑھے11بجے رات تک 2 سے 3 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔دوسری جانب سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے صارفین کو اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے ۔ملتان اور گردونواح کے بیشتر علاقوں میں کبھی گیس آتی بھی ہے تو پریشر نہ ہونے کے برابر ہو تا ہے ۔ خواتین لکڑی اور ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔ صبح اکثر طلبا وطالبات ‘سرکاری ملازمین اور کاروباری افراد ناشتہ کئے بغیر جانے پر مجبور ہوتے ہیں ۔صارفین کے احتجاج پر حکومت پر جوں تک نہیں رینگی۔ کبیروالا اور بٹہ کوٹ سے نامہ نگار اور نمائندہ پاکستان کیمطابق گزشتہ کئی دنوں سے کبیروالا شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ جب کہ گیس کی چوبیس چوبیس گھنٹے کی بندش نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے بجلی،گیس کی بندش سے چھوٹی فیکٹریاں بند ہو نے سے دیہاڑی دار مزدور بے روز گا ر ہو رہے ہیں جب کہ عام آدمی کے معمولا ت زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں شہریوں نے بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کے فوری خاتمے اور حکو متی اعلانات کے مطا بق گھریلو صارفین کو لوڈ شیڈنگ سے منثتثنیٰ قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کوٹ سلطان سے نمائندہ پاکستان کیمطابق کوٹ سلطان میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بندش اور پریشر میں کمی کی وجہ سے خواتین کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ،صبح کے اوقات میں پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے ،اس طرح سکول جانے والے بچوں اور سرکاری ملازمین کو بغیر ناشتہ کئے سکولز و دفاتر جانا پڑتا ہے ،شہریوں ماسٹرقیوم خان،جام ریاض احمد ،عبیداللہ خان ،محمد اکرم ،نوید احمد ،بلال حسین ،کریم نواز ،سعید احمد ،جمیل احمد ،محمد اسمعیل ،فاروق احمد ،طارق عرفات ،تویر فرید ،شہریار خان ،خرم عباس ،محمد نعمان ،فہد خان ،تنویر احمد ،بلال حسین ،محمد اسد اور دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر کے پریشر میں اضافہ کیا جائے ۔