ڈیرہ ، نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کے سیکٹریز سڑکوں پر نکل آئے

ڈیرہ ، نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کے سیکٹریز سڑکوں پر نکل آئے

ڈیرہ اسماعیل خان (بیوروپورٹ) اپ گریڈیشن اور سروس سٹرکچر کی فراہمی میں صوبائی حکومت کی جانب سے لیت لعل کیخلاف محکمہ بلدیات سے تعلق رکھنے والے نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کے سیکٹریز سڑکوں پر نکل آئے۔ دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ڈیرہ اسماعیل خان سے ٹاؤن ہال تک علامتی واک، قلم چھوڑ ہڑتال کے ساتھ ساتھ وزیر اعلی ہاوس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آل سیکرٹریز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کی کال پر ڈیرہ اسماعیل خان کے محکمہ بلدیات کے جملہ سیکرٹریز نے بھی تین روزہ قلم چھوڑ ہڑتال کر دی ہے جبکہ اس سلسلے میں ان سیکرٹریز کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کے دفتر سے لے کر ٹاون ہال ڈیرہ تک ایک احتجاجی واک بھی کی گئی جس میں شامل احتجاجی سیکرٹریز نے ہاتھوں میں سروس سٹرکچر اور اپگریڈیشن کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ بلدیات کے سیکرٹریز کی اپگریڈیشن اور سروس سٹرکچر کی فراہمی کی مد میں مسلسل لیت و لعل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے ان سیکرٹریز میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ خاص طور پر کہ جب حالیہ حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے میں چند ماہ کا عرصہ باقی ہے تو سیکرٹریز اپنے حق سے محروم رکھے جانے کے خدشات میں مبتلا ہیں۔ احتجاجی واک کے شرکا نے اعلان کیا کہ وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ڈیرہ اسماعیل خان کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ لگاتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کی کوشش کریں گے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جملہ نیبر ہڈ کونسل اور ولیج کونسل سے تعلق رکھنے والے سیکرٹریز پشاور روانہ ہونگے جہاں صوبہ بھر کے سیکرٹریز وزیر اعلی ہاوس کے سامنے تین روزہ احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...