جموں و کشمیر کے عوام پاکستان ،پاکستانی عوام ،حکمرانوں سے بلا تخصیص عقیدت و محبت رکھتے ہیں:شاہ غلام قادر

جموں و کشمیر کے عوام پاکستان ،پاکستانی عوام ،حکمرانوں سے بلا تخصیص عقیدت و ...

مظفرآباد (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام ملک پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستان کے حکمرانوں سے بلا تخصیص عقیدت و محبت رکھتے ہیں اور سب کا احترام کرتے ہوئے انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان مُسلم لیگ کا وطن کی آزادی میں تاریخی رول ہے جو قافلہ 1906ء میں چلا تھا آج بھی اُس کی جھلک پاکستان مُسلم لیگ (ن) میں دکھائی دیتی ہے اور بلا شک اس کا سہرا میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ جن کی قیادت میں ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا گیا۔ مُلک ایٹمی قوت بنا اور سی پیک منصوبے سے ترقی کے لےئے نئی راہیں متعین ہوئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر دور میں بڑے بڑے دعوے کےئے جاتے ہیں لیکن بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لےئے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے شب و روز کام کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج عوام سے کےئے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام قائد مُسلم لیگ میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے دورہ ء آزاد کشمیر کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 5فروری کو یوم یکجہتیء کشمیر کے موقع پر وہ یہاں پر بڑے جلسہء عام سے خطاب کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام اُن کا بھرپور استقبال کریں گے۔ وہ ہمارے محسن ہیں۔ قانون ساز اسمبلی و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے خطاب اور قائد مُسلم لیگ میاں محمد نواز(ن) میاں محمد نواز شریف کے بڑے جسلہء عام سے خطاب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مثبت پیغام جائے گا۔ آج وادیء کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم انتہا کو پہنچ چُکے ہیں۔ کم سن طلباء کو بھی شہید کیا جا رہا ہے۔ وادی کے لوگ ان شہداء کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر تدفین کرتے ہیں۔ یہ سب کچھ محبت و عقیدت کی لازوال حقیقت ہے۔ انشاء اللہ وہ دن دُور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی کا حق ملے گا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق وہ تکمیل پاکستان کا خواب پورا ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔ مُسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر نے ریاستی عوام/ مُسلم لیگ (ن ) کے کارکنان کو 5فروری کے دن تاریخی جلسہ میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری یکجہتی اور اتحاد سے ہی غلامی کی زنجیریں ٹوٹیں گی اور آزاد ی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...