زبیر احمد ملک آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے

زبیر احمد ملک آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر زبیر احمد ملک آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فاؤنڈرگروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین خالد جاوید نے نومنتخب چیئرمین زبیر احمد ملک سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔زبیر احمد ملک کا شمار پاکستان کے ممتاز تاجر رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے پہلے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سابق صدر اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر کی حیثیت سے ملک کی تاجر برادری کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے زبیر احمد ملک نے فاؤنڈر گروپ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کو گروپ کا چیئرمین منتخب کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ فاؤنڈر گروپ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کوشش کریں گے تا کہ گروپ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیلئے مزید بہتر عہدیداران کو آگے لا کر اس خطے کی تاجروصنعتکار برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کرنے میں مزید اہم کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام اہم فیصلے گروپ ممبران کی مشاورت سے کریں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم پہ تاجروں وصنعتکاروں کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی حاصل ہو۔ انہوں نے فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین خالد جاوید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر گروپ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین خالد جاوید نے اپنے خطا ب میں گروپ کے تمام اراکین اور چیمبر کے ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گروپ کے معاملات کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں جمہوری طریقے سے گروپ کے معاملات کو چلانے کی کوشش کی ہے کیونکہ سب کی مشاورت سے کئے گئے فیصلے بابرکت ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے زبیر احمد ملک کو گروپ کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے صنعت و تجارت کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے اپنے خطاب میں زبیر احمد ملک کو فاؤنڈر گروپ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں فاؤنڈر گروپ مزید موثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین خالد جاوید کی خدمات کو سراہا جنہوں نے اسلام آباد کی تاجر وصنعتکار برادری میں ہمیشہ اتحاد قائم رکھا اور تمام اہم معاملات پر سب کی مشاورت سے فیصلے کئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...