مظفرآباد،29حلقوں کے منصوبوں کیلئے1ارب سے زائد کے فنڈز جاری
مظفرآباد( بیورورپورٹ)وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت29انتخابی حلقوں کیلئے3100سے زائد منصوبہ جات کیلئے1ارب 4کروڑ 70لاکھ روپے فنڈز جاری کر دیئے گئے ۔جن سے آزاد کشمیرکے دور دراز،پسماندہ علاقوں و دیہی علاقوں کی ساڑھے 3لاکھ روپے سے زائد کی آبادی مستفید ہو گی وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے ان منصوبہ جات کی بروقت تکمیل و شفافیت بنانے کا حکم ،محکمہ لوکل گورنمنٹ نے ان منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر رکھا تھا جن پر فنڈز واگزار ہوتے ہی جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔نیز وزیر اعظم آزاد کشمیر کے مثبت اور دلیرانہ اقدام کے نتیجے میں اپوزیشن کے انتخابی حلقہ جات میں بھی مساوی اور منصفانہ بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے گئے جس کو عوامی حلقوں کی جانب سے خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے ۔ان منصوبہ جات میں رابطہ سڑکیں ،واٹر سپلائی سکیمز،سیوریج ،ُپختہ گلیاں ،ٹیوب ویل،ہینڈ پمپ،قبرستانوں کی چار دیواری ،پلے گراؤنڈ زاور بعض مقامات پر سرکاری سکولوں کے کمرہ جات کی تعمیر شامل ہے۔ان منصوبہ جات کی تعمیر کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور مانیٹرنگ کیلئے واٹس ایپ بھی لانچ کر دیا گیا تاکہ منصوبہ جات کو روزانہ کی بنیادوں پر مانیٹر کیا جا سکے۔