عظیم میاں صرف صحافی نہیں امریکا میں سفیر کا درجہ رکھتے ہیں:شہلا رضا

عظیم میاں صرف صحافی نہیں امریکا میں سفیر کا درجہ رکھتے ہیں:شہلا رضا

کراچی (پ ر)پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) کے صدر زیڈ۔ ایچ۔ خرم کی جانب سے نیو یارک میں مقیم پاکستانی نژاد ممتاز صحافی عظیم ایم میاں کے اعزاز میں ایک باوقار تقریبِ پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں زرد صحافت فروغ پا رہی ہے اور اس کا دور دورہ ہے وہاں عظیم ایم میاں جیسے جیّد اور بے باک صحافی صحافت کی آبرو بن جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج کے صاحبِ شام عظیم ایم میاں امریکہ میں پاکستان کے صحافتی نمائندے ہی نہیں ایک طرح سے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ پاکستان کی امیج بلڈنگ میں ایسی قد آور شخصیات کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے میزبان تنظیم پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) کے صدر زیڈ۔ ایچ۔ خرم اور مہمان عظیم ایم میاں کو اپنی اور حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ معروف تجزیہ کار اور کالم نگار نصرت مرزا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ہر لحاظ سے ایک کامیاب اور یادگار تقریب ہے۔ انہوں نے عظیم۔ ایم میاں سے اپنی تیس سالہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عظیم ایم میاں میں وہ تمام صحافتی اوصافِ جلیلہ پائے جاتے ہیں جو کسی مستند صحافی میں ہونے چاہئیں۔ معروف تجزیہ کار، اینکر پرسن اور افسانہ نگار رضوان صدیقی نے کہا کہ عظیم ایم میاں ایک نابغہ روزگار شخصیت ہیں اور صحافت کو عبادت کا درجہ دیتے ہوئے اپنی صحافتی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوتے ہیں۔ معروف شاعر، ادیب اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر جاوید منظر نے پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) کے لئے توصیفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے میں جو اپنا کام احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں جبکہ باہر ملکوں میں یہ کام سرکاری ادارے کرتے ہیں۔ اس موقع پر سینئر جرنلسٹ خورشید حیدر نے کہا کہ عظیم ایم میاں ہمارے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔ سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مبشر میر نے کہا کہ میں بچپن سے عظیم ایم میاں کے کالم پڑھ رہا ہوں جو نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ معروف شاعر و ادیب ندیم ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) اور اس کے نوجوان صدر زیڈ۔ ایچ۔ خرم مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دیارِ غیر میں مقیم پاکستانی نژاد صحافی عظیم ایم میاں کے اعزاز میں اولین تقریب کا انعقاد کر کے صحافتی حلقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔معروف اسکالر، ادیب، شاعر اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر عین الرضا نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے دوران نظامت انہوں نے صحت مند اور معیاری صحافت کا اچھے معاشرے کی تشکیل میں کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عین الرضا نے عظیم ایم میاں اور پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) کے حوالے سے بہت سی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ عظیم ایم میاں جیسے لوگوں کی تحسین کی جانی چاہیئے۔ معروف بینکر سید ابن حسن نے کہا کہ عظیم ایم میاں ایک ادارے کا درجہ رکھتے ہیں ہمیں ان جیسی شخصیات سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ اس سے قبل پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا فاؤنڈیشن (PPEMF) کے صدر زیڈ۔ ایچ۔ خرم نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے ادارے کے اغراض و مقاصد اور آج کی ہونے والی تقریب کی غرض و غایت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ اس قسم کی تقریبات کا وقتاً فوقتاً انعقاد کرتا رہتا ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت سے ہوا سلیم احمد ایڈووکیٹ نے یہ سعادت حاصل کی۔ نوجوان نعت خواں ارشد حسین نے نعتِ رسولؐ مقبول پیش کی۔ اظہارِ تشکر کے فرائض شہر قائد کی انتہائی فعال شخصیت اور سینئر ترین جرنلسٹ نجم الدین شیخ نے ادا کئے۔ تقریب میں موجود شخصیات یاور مہدی، ڈاکٹر نسرین پرویز، انور اقبال، عبدالباسط، عذرا بانو، قرأت زیدی، استاد مظہر امراؤ بندو خان، نسیم شاہ، ڈاکٹر ضیغم، احمد شمسی، غلام قادر، شہناز رمزی، انیس حیدر، شاہد رضا و دیگر شامل تھے اور انہوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...