ڈاکٹر شاہد مسعود دراصل کون ہیں ؟وہ باتیں جو آپ کو معلوم نہیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کے معروف صحافی و تجزیہ نگار ڈاکٹر شاہد مسعود زینب قتل کیس کے حوالے سے اس وقت خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں تاہم ان کے بارے میں وہ معلومات سامنے آ گئی ہیں جو کہ ان کے قریبی لوگوں کو ہی معلوم ہو ں گی ۔
نجی ٹی و ی و یب سائٹ ’سماء‘نیوز پر بلاگر نے اپنی تحریر میں لکھاہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود پیشے سے فزیشن ہیں جن کے پاس جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈگری جبکہ رائل کالج آف سرجن انگلینڈ کی فیلو شپ ہے۔ ان کی والدہ تدریس کے شعبے سے وابستہ رہی ہیں جبکہ ان کے والد ایک سول انجینئر تھے، جنہوں نے 15 سال کے لگ بھگ سعودیہ عرب میں خدمات سر انجام دی ہیں۔ان کا بچپن طائف اور ریاض میں گزرا ہے۔
ڈاکٹر شاہد مسعود نے 2001 ءمیں میڈیا کو جوائن کیا، یہ وہ وقت تھا جب پاکستان میں نجی میڈیا نو مولود تھا اور نجی چینلز بھی گنتی کے تھے،اس وقت ڈاکٹر شاہد مسعود ایک چینل کے سینئر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تعینات ہوئے۔ اس کے بعد ان کا یہ دعویٰ سامنے آیا کہ انہوں نے انٹرنیشنل ریلیشنز اور ڈیفنس اسٹڈیز میں بھی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔اسی چینل پر انہو ں نے اپنا پروگرام ”ویو ز آن نیوز“ شروع کیا۔ 2005 ء میں ڈاکٹر صاحب کو ایک بین الاقوامی میڈیا کی جانب اسکالر شپ ملی اور اس کے بعد 2007 ء میں انہوں نے ایک اور نجی چینل کو گروپ ایگزیکٹیو کے طور پر جوائن کیا۔ یہاں پر انہوں نے اپنا پروگرام ”میرے مطابق“ شروع کیا اور شہرت کی سیڑھیاں چڑھنا شروع کر دی۔
اس کے بعد 2008ء میں ڈاکٹر صاحب کو 2 سالہ کنٹریکٹ پر پاکستان کے سرکاری نیوز چینل کا چیئر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ۔ انہوں نے مبینہ طورپر سنجیدہ اختلافات کی بنیاد پر وہاں سے استعفیٰ دیا او ر ا±س وقت کے وزیر اعظم کے مشیر خاص مقرر ہو گئے جس کا عہدہ وزیر کے برابر تھا۔
ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی سے ا±ن کی تنخواہ ساڑھے 8 لاکھ روپے اور مراعا ت تھی۔2014 ءمیں انہوں نے ا±س نجی چینل کو بطور مہمان تجزیہ کار جوائن کیا جس کے پروگرام ”لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود“ سے انہوں نے حالیہ ’خبر ‘ بریک کی جس کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا اور وہ آج کل زیر بحث ہیں۔