ٹرک مالکان کے تعاون سے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

ٹرک مالکان کے تعاون سے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر) لاہور پولیس نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے ٹرک اونرز کے تعاون سے مشترکہ آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید سے آل پاکستان ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید بٹ نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹرک ڈرائیورز سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او نے یقین دہانی کرائی کہ ٹریفک پولیس سیکشن 279 کے تحت غیر ضروری مقدمات سے گریز کرے گی۔ اس فیصلے کا اطلاق صوبہ بھر میں کرنے کے لئے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ سی سی پی او نے اس بات سے اتفاق کیا کہ آگاہی مہم کے ذریعے ٹریفک حادثات کے دوران زیادہ جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ لاہور میں ٹرک ڈرائیورز سمیت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے۔

جاوید بٹ نے ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مطالبات پر ہمدردانہ غور پر سی سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : علاقائی