نیب ترمیمی آرڈیننس سے ریلیف، پرویز اشرف سمیت 31ملزمان کا عدالت سے رجوع

      نیب ترمیمی آرڈیننس سے ریلیف، پرویز اشرف سمیت 31ملزمان کا عدالت سے رجوع

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب)ترمیمی آرڈیننس سے ریلیف کیلئے بڑی تعداد میں ملزمان نے عدالت سے رجوع کر لیا۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق نیب ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ اٹھانے کیلئے احتساب عدالت میں ملزمان کی قطاریں لگ گئی ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی 21نئی درخواستیں دائر کی گئی ہیں جبکہ ترمیمی آرڈیننس کا سہارا لینے والے ملزمان کی کل تعداد 31ہو گئی ہے۔احتساب عدالت سے رجوع کرنیوالوں میں سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف اور سابق وزیر خزانہ شو کت ترین بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نیب ترمیمی آرڈیننس سے ریلیف کیلئے 25مختلف نیب ریفرنسز کے 31ملزمان نے احتسا ب عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد ملزمان کیخلاف ریفرنسز میں التوا کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے اور نیب پراسیکیوشن ٹیم کا ملزمان کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت روکنا پہلا ٹاسک بن گیا ہے۔خیال رہے نیب ترمیمی آرڈیننس 7 نومبر 2019 کو قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا تھا تاہم اپوزیشن کے اعتراضات کے بعد حکومت نے بل کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ ہفتے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے وضاحت کی تھی کہ حکومت نے نیب کا ترمیمی آرڈیننس واپس نہیں لیا۔نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا اس آرڈیننس سے متعدد اپوزیشن رہنماؤں سمیت بہت سی حکومتی شخصیات بھی مستفید ہو سکیں گی جن میں بڑے بڑے نام شامل ہیں۔

ملزمان رجوع

مزید : صفحہ اول