نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم متوسط طبقے کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریگی: عثما ن بزدار

نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم متوسط طبقے کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریگی: عثما ن ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرے گی،ہاؤسنگ سیکٹر میں نجی شعبہ کی شمولیت کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاؤسنگ سیکٹرکی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے شہر بسانے کی ضرورت بڑھی ہے لہٰذا کم آمدن والے لوگوں کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔دریں اثناء لاہورکے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبادی اور گاڑیوں میں اضافے سے لاہور شہر کو ٹریفک مسائل کا سامنا ہے،شہر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔اجلاس میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آمد و رفت میں مشکلات کے ازالے کیلئے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، سیف سٹی اتھارٹی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر محکمے موثر ٹریفک پلان وضع کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات پر ٹریفک مینجمنٹ پلان کے ذریعے بہتری لائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور کینال روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے اورشہر میں پارکنگ کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں نئے پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جائے۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ لاہور کیلئے ٹریفک کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے ٹریفک مینجمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول