پولیس پر سیاسی دباؤ ہر گز برادشت نہیں کرینگے: وزیراعظم
لاہور (آن لائن، ما نیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی سربراہی میں بنائی جانے والی خصوصی کمیٹی کی جانب سے آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر کو اسمبلی طلب کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رپورٹ طلب کرلی۔ ذرائع کا کہنا کہ وزیراعظم عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ آئی جی پولیس پنجاب کو اسمبلی طلب کر کے ان پر سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پنجاب پولیس کے خلاف تقاریر کرنے والے ارکان اسمبلی کے نام بھی طلب کر لئے ہیں۔واضح رہے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کی گئی تحریک استحقاق کی انکوائری کے سلسلے میں آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے تھے جس میں انہوں نے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو یقین دہانی بھی کروائی تھی کہ آپ کمیٹی کے سربراہ ہیں آپ جو فیصلہ کریں گے اسے من و عن تسلیم کریں گے۔ خصوصی کمیٹی کے دیگر ممبران میں وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ، اپوزیشن رکن ملک ندیم کامران بھی شامل تھے۔ آئی جی پولیس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں نے وزیراعظم کی آمد سے قبل ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال رکھی تھیں۔
وزیراعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی ڈی اے میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی و اقتصادی عمل میں نمایاں اضافہ ہونا چاہیے،روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے حوالے سے جاری منصوبوں سے شرکا کو آگاہ کیا گیا،وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی حوصلہ افزاء ہے،اسلام آباد ہر لحاظ سے ایک ماڈل سٹی ہونا چاہیے اورخصوصی طور پرکمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن امان کی صورتحال، ترقیاتی امور اور شہریوں کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ماحولیات کے تحفظ اور شہر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور صحت اورتعلیم کے حوالے سے اہداف اور درکار وسائل کی نشاندہی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی چیئرمین سی ڈی اے نے وزیر اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی شہری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذولفقار خان نے اجلاس کو وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے لئے گئے حالیہ اور مستقبل میں مجوزہ اقدامات پر شرکا کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم/ہدایت