بدعنوانی کیخلاف عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے دروازے کھول دیئے: چیئر مین نیب

بدعنوانی کیخلاف عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے دروازے کھول دیئے: چیئر مین نیب

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں جمعرات کوکھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی بدعنوانی، فراڈ، مضاربہ،مشارکہ، جعلی ہاؤسنگ،کوآپریٹوسوسائٹیوں، منی لانڈرنگ وغیرہ سے متعلق شکا یات سنیں اور قانون کے مطابق ان پر احکامات جاری کئے،متعلقہ نیب علاقائی دفاتر،دیگر محکموں سے متعلق تھیں کو ریفر کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔واضح رہے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ عوام کی بد عنوانی سے متعلق نہ صرف ہر ماہ کی آخری جمعرات کو خود سنیں گے بلکہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈی جیز بھی اپنے اپنے علاقائی بیوروز میں عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات سنیں گے اور قانون کے مطابق ان شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال ا پنے وعدہ کے مطابق ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات انتہائی اطمینان اور تسلی کیساتھ سنتے ہیں بلکہ نیب کے علا قائی بیوروز میں متعلقہ ڈی جیز بھی ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی درخواستوں کو سنتے ہیں۔ اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 15سو شکایات کو نہ صرف خود سنا بلکہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈی جیز نے بھی اپنے اپنے علاقائی بیوروز میں عوام کی بدعنوانی سے متعلق ہزاروں شکایات کو سنا۔ یہ امر قابل ذکر ہے عوام کی تمام شکایات،درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے بلکہ عوام کو ان کی شکایات سے آگاہ بھی کیا جاتا ہے اس سلسلہ میں چیئرمین نیب کی ہدایت پر تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے حسب وعدہ نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ کھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی شکایا ت انتہائی اطمینان اور تسلی کیساتھ سنیں بلکہ ان کے ازالہ کیلئے قانون کے مطابق احکامات صادر کئے جس پر شکایات کنندگان نے چیئرمین نیب کی بدعنوانی سے متعلق ان کی شکایات کے حل کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔چیئرمین نیب نے کہا ملک بھر سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی او لین ترجیح ہے۔ نیب نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے نہ صر ف اپنے دروازے کھول دیئے ہیں وہاں نیب کے افسر، ا ہلکار ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنے فرائض قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کر رہے ہیں،تاہم مزید بہتری کیلئے ہمیشہ کوشاں رہنا نیب کے ایمان اور یقین کا حصہ ہے۔تمام ڈی جیز نیب کرپشن فری پاکستان کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہد اور قانون کے تمام تقاضوں کومد نظر رکھتے ہوئے مکمل کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

چیئرمین نیب

مزید : صفحہ اول