نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ناکافی، 3روز میں تازہ اور مکمل رپورٹس بھیجی جائیں

  نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس ناکافی، 3روز میں تازہ اور مکمل رپورٹس بھیجی ...

  



لاہور (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے نواز شریف کی جانب سے فراہم کردہ میڈیکل رپورٹس کو ناکافی قرار دیتے ہوئے شریف خاندان کو سابق وزیراعظم کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس 3 روز میں جمع کرانے کی حتمی مہلت دے دی۔مکمل دستاویزات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے نواز شریف فیملی کو خط ارسال کر دیا۔ نواز شریف کو بھیجے گئے خط کے مطابق پنجاب حکومت سابق وزیر اعظم کی فراہم کر دہ میڈیکل رپورٹس پر ان کے بیرون ملک قیام میں توسیع کا فیصلہ کرے گی، نواز شریف کی 23 دسمبر2019ء کی میڈیکل رپورٹس پروفیسرمحمود ایاز کی سربراہی میں قائم میڈیکل بورڈ کو بھجوائی گئیں جس نے فراہم کردہ دستاویزات کو ناکافی قرار دیا۔میڈیکل بورڈ کے مطابق میڈیکل رپورٹس صرف عارضہ قلب سے متعلق ہیں، گردوں اور پلیٹ لیٹس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے۔ پنجاب حکومت کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو بھی 6 جنوری کو رپورٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی مگر انہوں نے نواز شریف اور ان کے معالج سے براہ راست رابطہ کرنے کا کہا۔۔جمعرات کو محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ 3فروری تک میڈیکل رپورٹس جمع کرا دی جائیں تا کہ مجاز اتھارٹی اور پنجاب حکومت کی جانب سے قائم سرکاری میڈیکل بورڈ بھی اس رپورٹ کا جائزہ لے سکیں جبکہ پہلے بھیجی گئی نواز شریف کی رپورٹس کا میڈیکل بورڈ نے جائزہ لے لیا ہے اور اس رپورٹ میں حتمی رائے قائم کرنے کیلئے دستاویزات مکمل نہیں تھیں۔

نواز شریف

مزید : صفحہ اول