وزیراعظم کے جراتمندانہ اقدامات ملک میں بڑی تبدیلی لائیں گے: فردوس عاشق

وزیراعظم کے جراتمندانہ اقدامات ملک میں بڑی تبدیلی لائیں گے: فردوس عاشق

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے جراتمندانہ اقدامات تبدیلی لائیں گے، عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح شو بازی کے بجائے قوم کو مصائب کی دلدل سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعلی جام کمال کے ساتھ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال وزیراعظم عمران خان کے بلوچستان کی تعمیر، ترقی و خوشحالی کیلئے عزم کا واضح اظہار ہے، بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دور کریں گے، انہیں ملک کے دیگرترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ترجیح ہے، ان کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی اور صحت و تعلیمی سہولیات یقینی بنانا اپنا فرض سمجھتے ہیں، بلوچ عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان عوامی ریلیف اور 71 سال سے درپیش مسائل کے حل کی مضبوط اور ٹھوس بنیاد رکھ چکے ہیں، مشکل فیصلوں کی اس سے پہلے کوئی حکومت ہمت نہیں کر سکی، مشکل فیصلے عمران خان کی ملک و قوم سے وابستگی کا ثبوت ہے۔

فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول