بھارت کچھ بھی کر لے کشمیر یوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہی پڑیگا: علی امین فخر امام

      بھارت کچھ بھی کر لے کشمیر یوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہی پڑیگا: علی ...

  



اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے " پاکستان اور کشمیر کاز " کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے تعاون سے انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک میں کیا گیا۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈا پورنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مثالی جذبے کامظاہرہ کررہے ہیں جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے جذبے اور تلوار کی جنگ میں جیت ہمیشہ جذبے کی ہوئی، بھارت چاہے لاکھ ہتھکنڈے استعمال کرلے اس کو بلاخر کشمیریوں کو اُن کا حق خود اردیت دینا ہوگا۔ بھارت پچھلی سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وجبر کا بازار گرم کیے ہو ئے ہے اور ہزاروں خوا تین کی عصمت دری کیساتھ ساتھ بھارت آج تک لاکھوں نہتے کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں تمام عالمی قوانین کی دھجیاں اُڑا رہا ہے، بھارت ایک ہندو انتہا پسند ریاست بننے کے راستے پر گامزن ہے اور حالیہ شہریت بل بھارت کی ہندو انتہا پسند فاشسٹ پالیسیز کی منہ بولتا ثبوت ہے۔وفاقی وزیرنے کہااس قابلِ مذمت شہریت بل سے بھارت کے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہندو انتہا پسند پالیسیز کی وجہ سے دُنیا مودی کو ہٹلر کے نام سے جاننے لگی ہے۔علی امین گنڈا پور نے عالمی دُنیا سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی انتہا پسند پالیسیز کا فوری نوٹس لے۔ عالمی دُنیا خصوصی طورپر اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہو ں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارد ادوں پر عمل کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے اور پاکستان اُس وقت تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا جبکہ اُن کو اُن کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔اس موقع پر چیئرمین امور کشمیر کمیٹی فخر امام نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائی بہنوں کی تمام تر اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، 5فروری کو ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دنیا کو پیغام دیا جائیگا، اہل کشمیر تنہا نہیں پاکستانی قوم ان کیساتھ ہے۔

علی امین

مزید : صفحہ آخر