کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائینگی، بھارت کا وادی سے بھاگنا ٹھہر چکا: پرویز الٰہی

  کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائینگی، بھارت کا وادی سے بھاگنا ٹھہر چکا: ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جرمنی کے اعزازی قونصلر ڈاکٹر پینٹیلس کرسچین پوئٹس Dr. Pantelis Christian Poetis نے وفد کے ہمرا ہ انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں لائف فنڈ ایکویٹی انویسٹ کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ پٹریشیا پوئٹس Ms. Patricia Poetis اور ماریشس کے اعزازی قونصلر شاہد سیٹھی بھی شا مل تھے۔ ملاقات میں پاک جرمن تعلقات، خطہ کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا پاکستان محفوظ ملک، جرمن کمپنیوں کو یہاں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہئے، پاک جرمن تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں، باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے عوام میں رابطہ مہم کو فروغ دینا چاہئے، پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیاں بزنس کرنے میں دلچسپی لے رہی ہے، یہی وجہ ہے فیصل آباد گارمنٹس سٹی، لاہور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ، ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے یونٹ لگا رکھے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مقبوضہ کشمیر کی صور تحا ل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہاں بھارتی چنگل سے آزادی کیلئے نوجوان کشمیری جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو وہاں سے بھاگنا پڑے گا۔ ڈاکٹر پوئٹس نے کہا میں نو سال سے پاکستان میں فرائض سرانجام دے رہا ہوں اور آزادانہ طور پر پور ے پاکستان میں آتا جاتا ہوں، جرمن کمپنیاں پاکستان میں باالخصوص پاور کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں اس سلسلے میں کچھ کمپنیوں نے لاہور اور فیصل آباد میں سروے بھی کیا ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت خطے کی ترقی کا ضامن بنا دیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاک چین بلکہ خطہ کے دیگر ممالک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔بعدازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چو د ھر ی پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری لیاقت علی بھدر نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان کے بھائی چودھری اسلم بھدر کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چودھری حسین الٰہی ایم این اے اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار بھی موجود تھے۔ چودھری سلیم بریار نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو گذشتہ دنوں مسلم لیگی کارکن عثمان شیخ کے قتل کے حوالے سے تفصیلات سے آ گا ہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سلیم بریار کو ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں، کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، پارٹی کارکنوں کی سرپرستی ہم پر لازم ہے۔

پرویز الہٰی

مزید : صفحہ آخر