وزیراعظم کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول نہ کرنا حیران کن ہے، اسحاق ڈار

  وزیراعظم کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول نہ کرنا حیران کن ہے، اسحاق ڈار

  



لندن(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول نہ کرنا حیران کن ہے،عمران خان نے کہا مہنگائی کے حوالے سے ان کے دوست انہیں گمراہ کر رہے ہیں یہ انتہائی حیران کن بیان ہے اور پاکستان کی تاریخ میں شاید ایسا کوئی کمزور وزیراعظم نہیں گزرا جسے ایسی بنیادی چیزوں کا عمل نہ ہو، اتنا نالائق اور نااندیش وزیراعظم ہم نے تاریخ میں نہیں دیکھا۔اسحاق ڈار نے جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارے وزیراعظم کو خبریں ٹی وی کے ذریعے ملتی ہیں جو پریشان کن عمل ہے، اس مہنگائی کا ذمہ داراور کوئی نہیں صرف عمران خان ہے، یہ 22کروڑ عوام کیلئے انتہائی ظلم ہے،عمران خان کے وزیراعظم بننے سے قبل پاکستانی معیشت برے حالات میں نہیں تھی، میاں نوازشریف کے چار سال مکمل ہوئے تو یہ دیکھا جا رہا تھا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، پاکستان دنیا کی 20بہترین معیشتوں میں شامل ہونے جا رہا تھا،مہنگائی کم ترین سطح پر تھی، انٹرسٹ ریٹ بھی کم تھا، بزنس کرنے کیلئے ماحول سازگار تھا،آمدن کی شرح نمو بہترین تھی، یہ گزشتہ تیس سال میں سب سے اچھی تھی جس سے ملک میں غربت کم ہورہی تھی، عمران خان کی حکومت کے آتے ہی معیشت کے حوالے سے ایسے اقدامات اٹھائے گئے جس سے چیزیں مزیدخراب ہوئیں،آج کا معاشی بحران انہوں نے خود پیدا کیا ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے،عوام کو دو وقت کی روٹی نصیب نہ ہونا، بیروزگاری میں اضافہ ہونا،یہ نیازی حکومت کے کارنامے ہیں، پاکستان کی شرح نمو 5.8فیصد سے کم ہو کر 3فیصد پر آچکی ہے اور یہ2.4فیصد پر آنے کا امکان ہے یہ سب عمران خان کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

اسحاق ڈار

مزید : صفحہ آخر