عالمی شیطانی قوتیں ملکر پاکستان کیخلاف سازشوں کا جال بچھا رہی ہیں: شہریار آفریدی

عالمی شیطانی قوتیں ملکر پاکستان کیخلاف سازشوں کا جال بچھا رہی ہیں: شہریار ...

  



کوہاٹ(آن لائن) وزیر مملکت برائے منشیات کنٹرول شہریار خان آفریدی نے کہاہے کہ دنیا بھر کی شیطانی قوتیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بقاو سلامتی کیخلاف گھناؤنی سازشوں کا جال بچھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے نت نیا ہتھکنڈا استعمال کررہی ہیں، ملک دشمن عناصر کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام محب وطن پاکستانی باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے زریں اصولوں پر کاربند ہوکر استحکام پاکستان کی منزل مقصود و مطلوب کیلئے اپنا اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ہم پاکستانی بیانیہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے وفاقی وزیر مملکت شہریار خان آفریدی کے علاوہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاالقیوم، سنٹر فارسوشل ری کنسٹرکشن کے ڈائریکٹر ناصر محمود اور دوسرے نامور دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ ورکشاپ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ایس ڈی پی آئی اور پی پی سی کے ماہر تربیت کاروں نے 10اہم موضوعات سے متعلق مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے بارے میں مفصل لیکچرز دیئے جنہیں شرکانے زبردست سراہا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکااور ریسورس پرسنز کو ٹریننگ سرٹیفکیٹ اور شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔

شہر یار آفریدی

مزید : صفحہ آخر