پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی کا اے سی ڈیرہ کے تبادلے کا مطالبہ

پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی کا اے سی ڈیرہ کے تبادلے کا مطالبہ

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فیصل کریم کنڈی نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سے شہریوں سے معافی مانگنے اور صوبائی حکومت سے انکے تبادلہ کا مطالبہ کردیا۔ اپنے ایک بیان میں فیصل کریم خان کنڈی نے کہا کہ اے سی ڈیرہ محسن صلاح الدین کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی طویل غیراعلانیہ بندش پر خواتین کے احتجاج میں شہریوں کو دی گئی دھمکی کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو حکومتی سہولیات یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے ڈیرہ اسماعیل خان کی انتظامیہ اور سرکاری محکمہ جات حکومت کی طرح عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور عوامی مسائل کے حل میں مدد کرنے کے بجائے الٹا عوام کو ڈرانے دھمکانے کے ہتھکنڈے استعمال کیئے جارہے ہیں جو انتظامی افسران کے بنیادی اور اخلاقی فرائض منصبی کے یکسر منافی ہیں انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کا رویہ قابل مذمت اور شہریوں کی توہین پر مبنی تھا جس کی کسی صورت میں ان کو اجازت نہیں دی جاسکتی اسسٹنٹ کمشنر حکومتی شخصیات کی کرپشن پر کاروائی کرنے سے ڈرتے ہیں البتہ عوام پر دبا ڈالنے میں وہ بے چین دکھائی دے رہے ہیں جس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ پیپلز پارٹی ڈیرہ والوں کو ایسے افسران کے رحم وکرم پر نہیں دیکھ سکتی اور نہ ہی کسی کو ڈیرہ والوں کی توہین کا حق دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کی جانب سے شہریوں کو جس لہجے سے مخاطب کیا گیا اور جس انداز سے شہریوں کو دھمکی دی گئی وہ انسانی حقوق کے منافی ہے بجلی گیس اور دیگر سہولیات غائب ہیں پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے انتظامی افسران کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی داد رسی کریں اور ان کو سرکاری ملازمین کی زیادتیوں سے بچائیں انہوں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام سے معافی مانگیں اور صوبائی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام سے ڈیل کے فن سے عاری اور غیر زمہ دارانہ غیر مہذب رویہ رکھنے والے افسر کو یہاں سے فوری طور پر تبدیل کیا جائے

مزید : پشاورصفحہ آخر