اندھے قتل کا سراغ،ڈی پی او کا پولیس ٹیم کو زبردست خراج تحسین

  اندھے قتل کا سراغ،ڈی پی او کا پولیس ٹیم کو زبردست خراج تحسین

  



تخت بھائی (نما ئندہ پاکستان)محکمہ پولیس مردان سے ریٹائرڈ ہونے والا صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈی ایس پی حاجی سردار خان نے تخت بھائی کے علاقہ پیر سدی کے اندھے قتل کا سوراغ3دن کے اندر ٹریس کرنے اور اندھے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے پر ڈی پی او مردان سجاد خان اور دیگر پو لیس ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ضلعی پو لیس آفیسر اور دیگر ٹیم کو تخت بھائی عوام کی طرف سے محافظ مردان ایوارڈ دینے کا اعلان۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کلب تخت بھائی ایک نیوز کانفرس میں بتا یا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی او مردان سجاد خان،اے ایس پی تخت بھائی سرکل وقار عظیم کھرل،ایس ایچ او تھانہ شیرگڑھ داؤد خان اور دیگر تفتیشی ٹیم نے تخت بھائی کے علا قہ پیرسدو میں طالب علم سلمان کے دردناک اندھے قتل کو بے نقاب کرنے اور خٹ کلی ہوسئی میں کمسن بچے کے ساتھ شرمناک واقعے میں ملوث ملز م کو قانون کی کٹہر ے میں کھڑاکرنے پر عوام کے اعتماد کو چار چاند لگا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اوسجاد خان کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ان کی تعیناتی کے بعد ضلع بھر کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ضلعی مردان کے عوام،تاجر برادری،صحافی اور سول سوسائٹی مردان پولیس کے ساتھ ہر محال پر شانہ بشانہ ہونگے اور ان کی جرات مندانہ اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔انہوں نے اعلان کیاکہ عنقریب ڈی پی او مردان سجاد خان اور ان کی پوری ٹیم کے اعزاز میں ٹی ایم اے تخت بھائی کے سبزہ زار میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ جس میں تحصیل تخت بھائی عوام کی طرف سے ان کو اور ان کی ٹیم کو محافظ مردان ایوارڈ اور دیگر شیلڈز دیئے جائینگے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر