آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کوار ٹر فائنل، پاکستان افغانستان آج مدمقابل

آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کوار ٹر فائنل، پاکستان افغانستان آج مدمقابل

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کوارٹرفائنل میں مقابلہ آج ہوگا۔اہم میچ میں جیت کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 2مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ نے 2 روز آرام کرنے کے بعد مسلسل 3 روز بھرپورٹریننگ کی۔اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ روحیل نذیر اہم میچ میں اپنی کارکردگی کی بنیادپر ٹیم کو فتحیاب بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں شریک افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بہتر ہے مگر پاکستان انڈر 19 ٹیم 31 جنوری کو شیڈول مقابلے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینونی میں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈ گذشتہ تین روز سے سخت محنت کررہا ہے۔روحیل نذیر نے کہا کہ وہ ایونٹ میں زمباوے کے خلاف گروپ میچ میں بہتر کارکردگی پیش نہ کرنے کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان وہ کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ مارو یا مرجاؤ کی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں ایونٹ آگے بڑھ رہا ہے توں توں ان پراورحیدر علی پر ذمہ داری بھی بڑھتی جاری رہی ہے۔روحیل نذیر نے کہا کہ وہ گذشتہ تین روزسے پریکٹس سیشن میں اپنی بیٹنگ پر خصوصی توجہ دیرہے ہیں، امید ہے وہ افغانستان کے خلا ف شاندارکارکردگی دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔روحیل نذیر نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، گروپ میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا ذمہ داری سنبھالنا خوش آئند تھا۔ انہو ں نے کہا کہ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز بہترین فارم میں ہیں۔

روحیل نذیر نے کہا کہ طاہر حسین، محمد عرفان اور عباس آفریدی کے علاوہ اسپنر عامر علی بھی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں جو آئندہ میچ میں جیت کا سبب بنیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی