دورہ پاکستان: جنوبی افریقی بورڈ 3ٹی 20میچز کھیلنے پر غور کرنے لگا

  دورہ پاکستان: جنوبی افریقی بورڈ 3ٹی 20میچز کھیلنے پر غور کرنے لگا

  



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ مارچ 2020ء کے آخر میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے پر غور کرنے لگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رواں سال کرکٹ کی بڑی ٹیمیں آنے کی تیاریاں کرنے لگیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد بنگلا دیش کی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیل چکی ہے جبکہ آئندہ ماہ کے دوران ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئے گی۔ جس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) شروع ہو جائے گی جبکہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد مہمان ٹیم ایک مرتبہ پھر سیریز کے تیسرے مرحلے میں شرکت کے لیے قومی میدان میں رونقیں بڑھانے آئے گی۔اسی حوالے سے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے جس کے مطابق پروٹیز کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے مارچ 2020ء کو پاکستان آئے گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان کے محدود دورے کے لیے غور کر رہی ہے، اس دورے کے دوران پروٹیز ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، یہ سیریز ایسے وقت میں ہو گی جب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم بھارت سے ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد فارغ ہو گی۔ یہ سیریز 18 مارچ کو اختتام پذیر ہو گی۔18 مارچ کو جنوبی افریقا اور بھارت کی سیریز کے اختتام کے بعد پروٹیز سکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کریگا اور ملک میں کرکٹ کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی صورتحال کا بغور جائزہ لے گا۔ذرائع کے مطابق اس سکیورٹی وفد کی سربراہی رورے سٹین کریں گے، رورے سٹین اپنے وفد کے ساتھ پاکستان ا?ئیں گے اور سکیورٹی کیساتھ ساتھ ٹیم کو ہوٹلز سے گراؤنڈز تک لے جانے والی ٹرانسپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ رپورٹ جنوبی افریقی بورڈ کو دیں گے، قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رپورٹ کے بعد پروٹیز ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی۔یاد رہے کہ پی سی بی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑی ٹیموں کو ملک میں لانے کی دعوت دے رہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی