کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس4 فروری کو ہوگا

  کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کا اجلاس4 فروری کو ہوگا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔گورننگ بورڈ کا اجلاس 4 فروری کو پشاور میں منعقد ہوگا۔ترجمان کے مطابق 4 فروری کو پشاور میں ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی احسان مانی کریں گے اور اجلاس میں ممبران کو پاک بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی سیریز کی کامیابی کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں پی ایس ایل فائیو کے معاملات پر بھی بحث ہوگی جبکہ کھلاڑیوں کو لیگز کے لیے این او سی دینے کی پالیسی زیر غور آئیگی اور ایشیا کپ کی میزبانی اور بھارت کے انکار پر ممبران کی رائے لی جائے گی۔یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان میں رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے صاف لفظوں میں انکار کردیا۔ایک بورڈ عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی میزبانی اور اس کے حقوق پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ایونٹ کا انعقاد کسی نیوٹرل وینیو پر ہونا چاہیے،ہماری ٹیم وہاں نہیں جا سکتی، موجودہ حالات میں کسی کثیر ملکی ٹورنامنٹ کیلئے بھی بلو شرٹس کے دورے کا کوئی امکان نہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی