بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منصوبہ بندیوں سے گریز کیا جائے، فروو
لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں عبدالرزاق، فیروز پور روڈ انڈسٹریل ویلفیئر ایسوسی ایشن (فروو)کے چیئرمین شاہد ملک اور سابق چیئرمین ملک محمد ریاض نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منصوبہ بندی کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انڈسٹری کو حکومت کی سپورٹ کی ضرورت ہے، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے جیسے نارروا اقدامات اٹھائے گئے تو ملک میں انڈسٹریل بیس ختم ہوجائے گی
اور یہ صرف تجارت کرنے کی جگہ بن کر رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی پرائسز کم کیے بغیر انڈسٹری کو مستحکم کرنا ممکن نہیں ہے لہذا حکومت اس کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت معاشی ترقی اور لوگوں کے لیے روزگار پیدا کرنے کی خواہش رکھتی ہے تو اس کے لیے انڈسٹری کو مستحکم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت انڈسٹری کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ پاکستانی صنعتوں کو خطے کے دیگر ملکوں سے سخت ترین مقابلے کا سامناہے۔
، دیگر ممالک اپنی انڈسٹری کو سہولتیں مہیا کررہے ہیں لیکن یہاں الٹ سلوک ہورہا ہے جس کے اثرات معیشت پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو انڈسٹری کے لیے خصوصی پالیسیاں بنانی چاہئیں۔ بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمت میں اچانک اضافے سے انڈسٹری اپنے مستقبل کی پلاننگ نہیں کرسکتی لہذا اس کے لیے نہ صرف قیمتیں کم کی جائیں بلکہ ایک خاص عرصہ کے لیے مخصوص بھی کردی جائیں۔