آئی جی سندھ کیلئے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں: گورنر سندھ 

آئی جی سندھ کیلئے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں: گورنر سندھ 

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلی کا استحقاق ہے، سندھ کی جانب سے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہاکہ وفاق نے سندھ حکومت کو نئے ناموں کے لیے درخواست کی ہے، بطور گورنرسندھ حکومت اور وفاق میں پل کا کردار ادا کررہا ہوں، سندھ کے ساتھ ناانصافی کا تاثر ایسی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوتی ہے اس لیے تاخیر ہوئی، سندھ حکومت کو تھوڑ اتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کوئی بہتر نام سامنے آتا ہے تو اس پر دوبارہ سوچا جاسکتا ہے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ ایک نام پر کافی اتفاق تھا پھر وزیراعظم نے مناسب نہیں سمجھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ساتھ بیٹھ کر کسی نام پر اتفاق کی کوشش کریں، وفاق کے پاس نام ہیں اور وہ بھی بھیجے گا، وفاق کے پاس استحقاق ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں آئی جی سندھ کامعاملہ فوری حل ہوجائے، وزیراعلی سندھ کو فون کیا لیکن انہوں نے آئی جی کے معاملے پر بات نہیں کی، وزیراعلی سندھ نے کہا آئی جی کے ایشو پر بات نہیں کرنا چاہتا۔عمران اسماعیل نے کہاکہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے آئی جی کے معاملے کو وفاق ہی دیکھ رہا ہے۔

مزید : صفحہ اول