کم آمدن والے لاگوں کو حکومت چھت کی سہولت فراہم کرے گی: ڈاکٹر امجد علی

کم آمدن والے لاگوں کو حکومت چھت کی سہولت فراہم کرے گی: ڈاکٹر امجد علی

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی سے سیکرٹری محکمہ ہاوسنگ حسن محمود یوسفزئی نے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاوسنگ نے صوبے میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر امجد علی نے صوبے میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ صوبے میں بے گھر اور کم آمدنی رکھنے والے افراد کو چھت کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے حکام کو سی پیک سٹی پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سیکرٹری ہاوسنگ نے صوبائی وزیر کو نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم، سی پیک سٹی، جلوزئی ہاوسنگ سکیم، ڈنگرام سوات،کثیر المنزلہ عمارت حیات آباد اور سول کورٹرکی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ہاوسنگ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیاپاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صوبائی ہاوسنگ اتھارٹی کا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کے ساتھ معاہد ہوچکا ہے، جس کے تحت 15 ہزار پانچ سو گھروں کی تعمیر کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لئے ہاوسنگ فاونڈیشن کے قیام سے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا ہوا ہے، جس کے لئے تاحال تقریبا 88 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے لئے تیز تر ترقی کی پالیسی کے تحت گھروں کی تعمیر کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ جگہ کا تعین کیا جارہا ہے۔جبکہ خپل کور ہاوسنگ سکیم کے تحت اب تک 11 سو پلاٹس کی الاٹمنٹ مکمل کی جاچکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم کا افتتاح رواں سال اپریل میں کیا جائیگا۔ انہوں نے سی پیک سٹی میں در پیش مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : صفحہ اول