کرونا وائرس انسانی جانیں نگلنے میں مصروف،عالمی ادارہ صحت نے بڑے اقدام کااعلان کردیا
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) خطرناک ترین کرونا وائرس انسانی جانوں کو نگلنے میں مصروف ہے ،موذی مرض مزید42افراد کی زندگیاں نگل گیا۔صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 213ہوگئی۔ حالات کے پیش نظرعالمی ادارہ صحت نے بڑااعلان کرتے ہوئے دنیا بھرمیں ایمرجنسی نافذ کردی۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چین سے پھیلنے والے قاتل وائرس کے وار جاری ہیں۔چینی محکمہ صحت کے مطابق چین میں مزید بیالیس افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد دوسو سے اوپر چلی گئی ہے۔چین کے علاوہ دنیا بھر میں ایک سو انتیس افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے انٹرنیشنل ایمرجنسی کااعلان کردیا۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق کے مطابق جرمنی ، جاپان ،امریکہ اور ویتنام میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ صحت کے کمزور نظام والے ممالک میں وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ایمرجنسی کا مقصد صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو تیز کرنا ہے۔
ادھر امریکا نے اپنے شہریوں کو چین کے سفر سے روک دیا ہے۔برطانیہ،جاپان اورکینیڈا سمیت کئی ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کیلئے خصوصی پروازوں کاسلسلہ شروع کرچکے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ فلائٹس اپنے شہریوں کو لے کر وطن واپس پہنچ چکی ہیں۔
امریکا نے اپنے شہریوں کو وائرس کی وجہ سے چین کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔چین نے ملک میں ہونے والے خواتین کے گالف کے مقابلے منسوخ کردیئے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ کرونا وائرس کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔