پی ایس ایل سیزن 5 میں ہاشم آملہ کی آمد،وزیراعظم کا ردعمل بھی آگیا

پی ایس ایل سیزن 5 میں ہاشم آملہ کی آمد،وزیراعظم کا ردعمل بھی آگیا
پی ایس ایل سیزن 5 میں ہاشم آملہ کی آمد،وزیراعظم کا ردعمل بھی آگیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے سیزن فائیو کا پاکستان میں انعقادملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔انہوں نے سیزن فائیو میں جنوبی افریقہ کے اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ کے پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کااظہارکیاہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر قومی کھیل پالیسی اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس دوران جاوید آفریدی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ بھی پشاور زلمی سے منسلک ہوگئے ہیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے خوشی کااظہارکیااور کہا پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا پاکستان میں انعقاد ملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔انہوں نے پشاور زلمی کی کھیل کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا پاکستان میں کرکٹ کی واپسی مٰیں سپر لیگ کا اہم کردار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزپشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیاتھا کہ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ اب ان کی فرنچائز پشاور زلمی سے منسلک ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے ہاشم آملہ کو خوش آمد ید کہتے ہوئے کہا تھا اس سے نہ صرف ان کی ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔

یاد رہے پی ایس ایل کا سیزن فائیو بیس فروری سے شروع ہونے جارہا ہے اور اس بار سیزن کے تمام میچز پاکستان ہی میں کھیلے جائیں گے۔

مزید : قومی /کھیل