سپورٹ پروگرام کارڈ سے بے نظیر اور نوازشریف کی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ لیکن اب کس کی تصویر لگے گی؟ثانیہ نشتر نے اعلان کردیا

سپورٹ پروگرام کارڈ سے بے نظیر اور نوازشریف کی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ لیکن اب ...
سپورٹ پروگرام کارڈ سے بے نظیر اور نوازشریف کی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ لیکن اب کس کی تصویر لگے گی؟ثانیہ نشتر نے اعلان کردیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہاہے سماجی تحفظ کے اداروں پر سیاست کی اجازت نہیں دی جاسکتی اس لئے صحت کارڈسے نواز شریف اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بے نظیربھٹو کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کارڈز پر صرف قائد اعظم محمد علی جناح کی تصاویر لگائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ احساس کفالت کارڈ زسے سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کیاگیاہے۔

اے آر وائی سے گفتگو میں انہون نے مزید کہاکہ اس فیصلے کی منظوری خود وزیراعظم نے دی ہے اور آئندہ ان کارڈز پر صرف قائد اعظم کی تصویر ہوگی۔ثانیہ کے مطابق سماجی تحفظ کے اداروں کا سیاست کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، حکومت نے سماجی اداروں کو سیاست سے پاک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا قائد کی تصویر ثبوت ہے کہ حکومت سماجی اداروں کا سیاسی استعمال روکے گی، کفالت پروگرام کے ذریعے انتہائی غریب افراد کی ماہانہ مدد کریں گے۔ مستحق خواتین کے بچت بینک اکاو¿نٹس بھی کھولے جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کرنے والے ہیں، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔بے نظیر کارڈ ختم کر کے مستحقین کو احساس کفالت کارڈ پر وظیفہ ملے گا، کارڈ سے نواز شریف اور بے نظیر کی تصاویر ختم کر کے صرف قائد اعظم کی تصویر لگے گی۔حکومت ہر ماہ 70 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپے دے گی جبکہ بی آئی ایس پی کے 40 لاکھ بینی فشریز بھی کفالت پروگرام میں شامل ہیں۔

مزید : اہم خبریں /قومی