فلسطین نے امریکہ اور اسرائیل پر بجلیاں گرادیں
راملہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)فلسطین نے اسرائیل کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اوسلو معاہدے سے نکل کر اسرائیل کے ساتھ مزیدکسی معاہدے پر قائم نہیں رہ سکتا، فلسطین کے صدر محمود عباس ہفتہ کے روز قاہرہ میں عرب ملکوں کے اجلاس میں ایک تاریخی خطاب کریں گے۔
الجزیرہ چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں فلسطین کے شہری امور کے وزیرحسین الشیخ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اوسلو معاہدے سے نکلنے کے بعد فلسطینی انتظامیہ نے اس کے ساتھ معاہدے تحلیل کردیئے ہیں،اسرائیل کو آگا ہ کردیاگیا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ مزید باہمی معاہدوں کی پابند نہیں ہے۔
اپنےسرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پرحسین الشیخ نےکہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس ہفتہ کے روز قاہرہ میں عرب ملکوں کے اجلاس میں ایک تاریخی خطاب کریں گے ،قاہرہ میں وزارئے خارجہ کا اجلاس عرب ملکوں کےموقف کےلئےایک حقیقی امتحان ہےاور ہمیں امید ہے کہ عرب اور اسلامی ممالک فلسطینی موقف کے لئے معاون قوت کا کردار ادا کریں گے۔حسین الشیخ جو کہ محمودعباس کے قریبی معاون ہیں اور اپنے منصب بطورِ شہری امور کے کمیشن کے سربراہ اسرائیل کے ساتھ روابط کے فرائض سر انجام دیتے ہیں، ان کا بیان امریکہ کی جانب سے امن منصوبے کے اعلان کے بعد فلسطینی رد عمل کا حصہ ہے،امریکی امن منصوبے کو فلسطنیوں نے مسترد کردیا تھا۔