بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ٹی 20 میچ کا فیصلہ بھی سپر اوور میں ہوا مگر جیتا کون؟ ناقابل یقین خبر آ گئی
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی نیوزی لینڈ کو سپراوور میں شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکائی سٹیڈیم ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ منیش پانڈے 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں لوکیش راہل 39، سنجو سیمسن 8، ویرات کوہلی 11، شریاس ائیر 1، شیوم دوبے 12، واشنگٹن سندر 0، شردل ٹھاکر 20، یوزویندرا چھاہل 1 اور نودیپ سائنی 11 رنز بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ہمیش بینٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساﺅتھی، سکاٹ کوگلین اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ کولن منرو نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے اور ٹم سیفرٹ نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں مارٹن گپٹل 4، ٹام بروس 0، راس ٹیلر 24، ڈیرل مچل 4 اور مچل سینٹنر 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جسپریت بمرا اور یوزویندرا چھاہل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کا فیصلہ سپر اوور میں کیا گیا اور بھارت کی جانب سے جسپرت بمرا نے سپر اوور کرایا جس میں نیوزی لینڈ نے 13 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کیلئے 14 رنز کا ہدف دیا جو بھارتی ٹیم نے پانچویں گیند پر حاصل کر کے ناصرف میچ جیت لئے بلکہ سیریز میں بھی 0-4 کی برتری حاصل کر لی۔