سوشل میڈیا سٹارز نے کرونا وائرس کو مقبول ہونے کا ذریعہ بنالیا، ایسا کام کرنے لگے کہ عام آدمی تو سوچ بھی نہیں سکتا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس نے پوری دنیا کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ایسے میں سوشل میڈیا پر اس وائرس کے نام سے’ٹرینڈز‘ ٹاپ پر جا رہے ہیں۔ ایسے میں کچھ شہرت کے بھوکے سوشل میڈیا سٹارز نے اس خوفناک مرض اور اس کے ٹرینڈز کو اپنی شہرت کا وسیلہ بنا لیا ہے اور ان ٹرینڈز کو ہائی جیک کر لیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ان ٹرینڈز میں ایک طرف تو عام صارفین مرض کے متعلق اطلاعات اور اپنے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ دوسری طرف یہ سوشل میڈیا سٹارز چہرے پر ماسک پہنے مختلف پوز بنا کر اپنی تصاویر ان ٹرینڈز میں پوسٹ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ سٹارز نہ صرف ان تصاویر میں اپنے لگژری لائف سٹائل کی نمود کر رہے ہیں بلکہ کچھ ایسی تصاویر بھی پوسٹ کر رہے ہیں کہ عام آدمی کانوں کو ہاتھ لگائے کہ ایسی جان لیوا بیماری کو بھی یہ لوگ کس طرح استعمال کر رہے ہیں۔ اب ایک تصویر کو ہی لیجیے جو فٹنس آسکر نامی انسٹاگرام اکاﺅنٹ سے پوسٹ کی گئی۔ اس تصویر میں ایک لڑکا لڑکی چہرے پر ماسک پہنے ایک دوسرے کو بوسہ دے رہے ہوتے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ”ہم کورونا وائرس سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ہم اپنی چھٹیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ وباءجلد ختم ہو جائے گی۔“